بھٹکل 12 جون (ایس او نیوز)مخدوم کالونی بھٹکل کی الہلال اسوسی ایشن کے لئے گذشتہ روز عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا جس میں صدر کے طور پر جناب روشن ضمیر کندنگوڑا اور جنرل سکریٹری کے طور پر مولوی فیضان ایس ایم ندوی منتخب ہوئے۔ نائب صدر کے طور پر جناب سعید جوکاکو، سکریٹری کے طور پر جناب جواد پوتے ، محاسب کے طور پر جناب عاطف معلم اور خازن کے طور پر مولوی عمران کنڈلور ندوی کا انتخاب عمل میں آیا۔
الہلال کے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ اس مرتبہ کے انتخابات کی خاص بات یہ رہی کہ اس بار کے انتخابات میں بھٹکل سمیت گلف و اندرون ہند میں مقیم تمام ممبران کو بھی آن لائن ووٹنگ کے ذریعے اپنی حق رائے دہی کے استعمال کا اختیار دیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کے تمام ممبران کو جنہوں نے اپنی سالانہ فیس ادا کی ہو، رائے دہندگی کا حق حاصل رہا اور ووٹنگ کا یہ حق دستوری ترمیم کے بعد ممبران کو دیا گیا ۔
یاد رہے کہ الہلال ایسوسی ایشن شہر بھٹکل میں سماجی و فلاحی کاموں کے لئے معروف ہے، خصوصاً عیدالاضحیٰ کے موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے دیئے گئے جانوروں کے بقیہ جات کو ٹھکانے لگانے کا کام کئی سالوں سے بہت ہی منظم طریقے سے کرتے آرہا ہے ۔ الہلال کے جملہ ممبران کی تعداد قریب 600 ہےجبکہ جملہ انتظامیہ اراکین کی تعداد 49 ہے۔ جس میں سے 34 اراکین بھٹکل سے چنے جاتے ہیں۔